سرینگر //گردوں کے عالمی دن کے موقع پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں شعبہ نیفرولاجی کی جانب سے ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ امسال گردوں کے عالمی دن کیلئے’’سب کیلئے گردوں کی صحت، احتیاط اور ہر ایک کیلئے علاج تک رسائی ‘‘کے موضوع کا انتخاب کیا گیا تھا۔ پروگرام میں مقررین نے گردوں کی بیماریوں اور بیماریوں کے دوران احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شوگر اور بلڈ پریشر میں اضافے کی وجہ سے کشمیر میں بھی اس بیماری میں کافی حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ غرب،تعلیم کی کمی اور کام کرنے دوران مشکلات کی وجہ سے یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور دنیا کیلئے بڑا چیلینج بن رہا ہے۔ اس موقع پر شعبہ نفرولاجی کے سربراہ پروفیسر محمد اشرف بٹ، ڈاکٹر مظفر مقصود وانی، شعبہ نفرولاجی کے پروفیسراعجاز ارشد نے عالمی سطح پر گردوں کی بیماریوں سے نپٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین طرز زندگی اور صحت پالیسی اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی وجہ سے بھی کئی افراد گردوں کی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ ڈائریکٹر سکمز ڈایکٹر اے جی آہنگر نے شعبہ نفرولاجی کے اقدامات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرتا ہے جبکہ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران شعبہ کے سابق سربراہان کی بھی سراہنا کی ہے۔ اس موقع پر ڈین میڈیکل فیکلٹی ڈاکٹر او پی شاہ نے تدریسی میدان میں شعبہ کی ترقیوں کی جانکاری دی اورشعبہ میں رواں سال کے دوران ڈی ایم کورس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
آرینز کالج کے اہتمام سے احتیاط اور علاج کے موضوع پر سمینار
جموں //گردوں کے عالمی دن سے قبل آرینز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ، راجپورہ چندی گڑھ میں شوگر ، بلڈ پریشر اور گردوں کی بیماریوں کے بارے میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں فورٹس اسپتال موہالی کے ٹرانسپلانٹ کنسلٹنٹ ڈاکٹر سنیل کمار نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ پروگرام میں جی این ایم، اے این ایم، بی فارمیسی، ڈی فارمیسی سے وابستہ طلبہ نے حصہ لیا جبکہ پروگرام کا موضوع’سب کیلئے گردوں کی صحت، احتیاط اور ہر ایک کیلئے علاج تک رسائی ‘‘مقرر کیا گیا تھا۔ پروگرام میں ڈاکٹر سنیل کمار نے گردوں کے کام کرنے کے طریقہ کار اور ان میں پائی جانے والی بیماریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ طلبہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کھانے کی کئی غلط عادات پر روشنی ڈالی جن میںشراب، سگریٹ، کم سونا ، کم ورزش اور پانی کم پینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے شوگر سے گردوں پر ہونے والے اثرات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ شوگر کی لیول کم رکھنے سے ہم خود کو مزید دو بیماریوں سے دور رکھیں گے۔