گردوارہ تا ناگنی سڑک خستہ حالی کا شکار

کشتواڑ//ضلع صدر مقام سے محض کچھ کلومیڑ کی دوری پر گردوارہ سے ناگنی سڑک کی کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب بھی بارش ہوتی ہے تو اس سڑک پر سفر کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بن جاتاہے۔لوگوں نے بتایا کہ اگریہ حال   سب ڈویژن کشتواڑ کے اندر ہے تو دوردراز علاقہ جات کا کیا حال ہوگا۔ علاقہ کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی نے 4 سال قبل اس پر سڑک پر میکڈم ڈالا تھا جسکے کے بعد اسکی طرف کوئی توجہ نہ دی گئی اوراب اس سڑک  پر بڑے بڑے کھڈے بن گئے ہیںجس کی وجہ سے انھیں کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔مقامی نوجوان سلمان احمد نے کہاکہ گوڑین کے قریب سڑک کی حالت کافی ابترہے اور یہاں بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیںجن میں گندہ پانی جمع رہتاہے،اگرچہ سڑک کے ساتھ ڈرین بنی ہیں لیکن کئی مقامات پر ٹوٹی نالیوں سے پانی بہتا رہا ہے جو سڑک پر پھیل جاتا ہے جسے کیچڑ جمع ہوجاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی لوگ جہاں مکانات کی تعمیر کرہے ہیں اور وہ گھروں سے مٹی نکال کر ان گڑھوں میں بھردیتے ہیں جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی کا معاملہ کئی مرتبہ ضلع ترقیاتی کمشنر و متعلقہ محکمہ اور مقامی سرپنچ کی نوٹس میں لایا لیکن اس کے باوجود انتظامیہ ومتعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کی کہ فوری طور اس سڑک کی طرف  توجہ دی جائے اور جلد از جلد سڑک کی مرمت کا کام کیا جائے بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے۔