یواین آئی
نئی دہلی//گجرات کی ساحل کے قریب ایک غیر ملکی کشتی سے تقریباً 2 ہزار کروڑ روپئے کی مالیت کے 3300 کلو گراممنوعہ مواد کو برآمد کیا گیا ہے۔ یہ برآمدگی ہندوستانی بحریہ اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ایک مشترکہ آپریشن میں ہوا ہے۔ اس سلسلے میں 5 غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ضبط کئے جانے والے ذخیرے میں چرس، میتھام فیٹامائن اور مارفن شامل ہے جن پر ہندوستان میں پابندی ہے۔ یہ کارروائی انٹرنیشنل میری ٹائم بائونڈری لائن ( بین الاقوامی بحری سرحد) کے قریب کی گئی ہے۔ ضبط شدہ ڈرگس میں 3089 کلو گرام چرس، 158 کلو گرام میتھام فیٹامائن اور 25 کلوگرام مارفن ہے۔ بحریہ کے افسران نے بتایا کہ کشتی میں موجود تمام لوگوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں متعلقہ ایجنسیوں کو سونپ دیا گیا ہے۔ بحریہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ’’ہندوستانی بحریہ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں تقریباً 3300 کلو گرام ممنوعہ اشیاء لے جانے والی ایک مشکوک کشتی کو پکڑا ہے۔ حالیہ دنوں میں پکڑی جانے والی منشیات کی یہ سب سے بڑی کھیپ ہے‘‘۔پوسٹ میں کہا گیا ہے ’’اس بارے میں نگرانی مشن پر تعینات P81LRMR طیارے کے ذریعے معلومات موصول ہوئی تھیں اور NCB نے بھی اس کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز کو مشکوک کشتی کو روکنے اور پکڑنے کے لیے موڑ دیا گیا‘‘۔ کشتی سے گرفتار ہونے والے 5 افراد کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ایرانی یا پاکستانی شہری ہو سکتے ہیں۔ این سی بی کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ان کے پاس سے کوئی قومیت کا دستاویز برآمد نہیں ہوا ہے۔ اہلکار نے ممنوعہ اشیا کی قیمت نہیں بتائی لیکن ان کی مالیت کا اندازہ 2 ہزار کروڑ روپئے لگا یا گیا ہے۔ کشتی کو ہندوستانی بحریہ کے ایک جنگی جہاز نے اپنے عملے اور ممنوعہ اشیاء کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کے لیے قریب ترین ہندوستانی بندرگاہ تک پہنچایا۔