وڈودرا، //وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ گجرات میں نو لاکھ خواتین کو ‘پردھان منتری ماتر وندنا یوجنا’ کے تحت 400 کروڑ روپے کی امداد دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے 21000 کروڑ روپئے کے بقدر کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مستفیدین، وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل ، مرکزی اور ریاستی وزراء، عوامی نمائندگان اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔شروعات میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج، ان کے لیے ، ماترو وندنا (ماں کی عبادت) کا دن ہے ۔ انہوں نے اپنے دن کا آغاز اپنی والدہ کا آشیرواد لے کر کیا جو آج اپنے 100ویں برس میں داخل ہوئی ہیں۔ اس کے بعد، انہوں نے پاواگڑھ ہل میں واقع شری کالیکا ماتا کے نوتعمیر شدہ مندر کا افتتاح کیا، جہاں انہوں نے ملک کے لیے عبادت کی اور ملک کی خدمت کرنے اور امرت کال میں ملک کے لیے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے دیوی سے طاقت مانگی۔ بعد ازاں انہوں نے اس موقع پر موجود بڑی ‘ماترو شکتی’ کے آگے سر عقیدت خم کیا۔آج کے پروگرام میں 21000 کروڑ روپئے کے بقدر پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروجیکٹس گجرات کی ترقی کے توسط سے ہندوستان کے ترقی کے تصور کو تقویت بہم پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زچگی کی صحت، ناداروں کے لیے مکانات، کنکٹیویٹی اور اعلیٰ تعلیم جیسے شعبوں میں یہ زبردست سرمایہ کاری گجرات کی صنعتی ترقی کو قوت عطا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ، ان پروجیکٹوں میں سے متعدد پروجیکٹوں کا تعلق، صحت، تغذیہ اور خواتین کی اختیارکاری سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈبل انجن والی حکومت کی کوششوں کو ماں کالیکا کے آشیرواد سے ایک نیا سہارا ملا ہے ۔ مجمع میں موجود متعدد جانے پہچانے چہروں کو پہچانتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘‘خواتین کی تیز رفتار ترقی اور ان کی اختیارکاری 21ویں صدی کے ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کے لیے مساوی طور پر اہمیت کی حامل ہے ۔