سرینگر//پولیس نے سرینگر میں کار چوروں کے گروہ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں5افراد کو گرفتارکرلیا ہے اور9 گاڑیوں کو برآمد کیاگیا ہے جبکہ ایک ملزم کی تلاش جاری ہے۔ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی وسطی کشمیر محمد سلیمان نے کہا کہ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملی تھی کہ نارہ بل پارمپورہ میں کچھ گاڑیوں کو کم قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو یہ گاڑیاں خریدنے کیلئے للچایا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 16/2020متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ دوران پوچھ تاچھ5افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان سے9گاڑیاں ،جو کہ مختلف ریاستوں سے چرائی گئی تھیں، کو سرینگر،بڈگام اور بارہمولہ سے برآمد کیا گیا۔ڈی آئی جی وسطی کشمیر نے کہا کہ محمد ایوب ڈار ،محمد ایوب خان ، سمیر احمد وانی ، لیاقت علی ڈار ،محمد یونس کو حراست میں لیا گیا۔انہوںنے کہاکہ چوری کے معاملہ میں چھٹے روپوش ملزم ہلال احمد کی تلاش جاری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ چوروں کا طریقہ کار تھا کہ وہ چرائی گئی گاڑیوں کی ہوبہو شکل اور رنگ والی گاڑیوں کو بیرون ریاستوں میں نشاندہی کرتے تھے اور ان کے رجسٹریشن نمبر اور دستاویزات کی ڈپلی کیٹ حاصل کرتے اور چرائی گئی گاڑیوں کو ان ہی دستاویزات پر فروخت کرتے تھے۔محمد سلیمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہی رجسٹریشن نمبر اصل مالکان کے پاس بھی موجود تھا اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو گمراہ کرنے کیلئے نقب زنوں نے انکی نقل تیار کی تھی۔
چندپورہ ہارون میں پولیس کا چھاپہ
۔6قمار بازدھرلئے گئے،8500روپے ضبط
سرینگر// چند پورہ ہارون میں پولیس نے 6جواریوں کو گرفتار کرکے دائو پر لگی رقم اور تاش کو ضبط کیا۔ ایس ایس پی سرینگر کی ہدایات پر ایس ڈی پی او نہرو پارک کی سربراہی میں پولیس نے چندپورہ ہارون میں پولیس ٹیم نے قمار بازی کے ایک اڈے پر چھاپہ ڈال کر جوا کھیلنے میں مصروف6قماربازوں کو گرفتار کرلیا۔ اس موقعہ پر پولیس نے دائو پر لگے 8,500 روپے اور تاش کے پتے ضبط کئے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی آر نمبر 13/2020کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔ کے این ایس کے مطابق لوگوںنے پولیس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔
ریذیڈنسی روڑ میں دکان کی چوری کا معمہ حل
۔2 سارق گرفتار،206موبائل چارجر برآمد
سرینگر //کوٹھی باغ پولیس نے نقب زنی کا معمہ حل کرکے 2افراد کوگرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کیا۔ 11مارچ 2020کو پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ میں نیاز رسول صوفی ولد غلام رسول ساکن پانتہ چھوک نے شکایت درج کی کہ 7اور 8مارچ کی درمیانی شب چنار کمپلیکس ریذیڈنسی روڑ میں اس کی دکان سے نامعلوم افراد نے موبائل چارجر اور دیگر سامان چُرا لیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 16/2020کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ایس ڈی پی اوکوٹھی باغ سید یاسر قادری کی نگرانی میں ایس ایچ او کوٹھی باغ سجاد اسد کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ پولیس ٹیم نے پانو رام ولد تلسی رام ساکن راولا راجستھان حال ڈونی کھڈ بچھوارہ ڈلگیٹ سرینگر اور بشیر احمد ساکن ڈلگیٹ کو حراست میں لے کر اُن سے پوچھ تاچھ شروع کی جس کے دوران دونوں نے اقبالِ جرم کیا۔ پولیس ٹیم نے گرفتار شدگان کی نشاندہی پر 206چُرائے گئے چارجر برآمد کرکے ضبط کئے۔ مقامی لوگوںاور دکانداروں نے پولیس کی سراہنا کی۔