گاندھی جی کے نظریات موجودہ دورمیں اہمیت کے حامل :نیشنل کانفرنس

جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے بابائے قوم گاندھی جی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب کواس دن کے موقعہ پر گاندھی جی کے خوابوں کوپوراکرنے کاعہد کرناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ گاندھی جی عدم تشددمیں یقین رکھتے تھے جس کی آج کے دورمیں نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پوری دنیا میں کافی زیادہ اہمیت ہے۔رانانے ان خیالات کااظہارمڑھ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔اس موقعہ پرمہاتماگاندھی کی تصویرپرپھول مالائیں چرھاکرخراج عقیدت پیش کیاگیا۔رانا نے کہاکہ موجودہ وقت میںگاندھی جی کے نظریے کوعملی طورپر لاگوکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ  گاندھی جی کا عدم تشدد کا فلسفہ اس دور کے لوگوں میں بھی موجود تھا اور آج بھی موجود ہے۔ گاندھی جی کا فلسفہ آج بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے دورِ حاضر کے متعدد مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ ملک کی آزادی میں بہت سے لوگوں کا تعاون رہا ہے لیکن ان میں گاندھی جی کا تعاون سب سے بالاتر ہے جنہوں نے عدم تشدد اور سچائی سے اس ملک کو آزاد کرایا۔آج  ہمیں مہاتما گاندھی ہندوستانی شہری ہونے کے ناطے سیکولرازم اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لئے گاندھی جی کے بتائے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔یہ گاندھی جینتی کا موقع ہے،ایسے میں ہماری طرف سے باپو جی کوسب سے بہتر خراج عقیدت یہی ہو سکتا ہے کہ ہم ان کے سب سے مضبوط اور اہم نظریہ ’عدم تشدد‘کو فروغ دینے کیلئے پہل کریں اور سکون کا ماحول قائم کرنے کی کوشش کریں۔اس دوران دویندرسنگھ رانانے شیخ محمدعبداللہ کے آپسی بھائی چارے کے فروغ میںرول کوبھی اُجاگرکیا۔