گاندھی جینتی کے سلسلے میں ڈگری کالج بانہال میں تقاریب کا انعقاد | سچائی اور عدمِ تشدد کے علمبردار مہاتما گاندھی کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی

محمد تسکین
بانہال // سرکاری طور دس ستمبر سے شروع گاندھی جینتی جشن کے موقع پر ڈگری کالج بنکوٹ بانہال کی ڈبیٹس اور سیمینار کمیٹی نے مہاتما گاندھی کے کام اور اننکی قومی شراکت کو یادگار بنانے کے لیے متعدد سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں اور یہ سلسلہ 02 اکتوبر گاندھی جینتی تک جاری رہیگا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مہاتما گاندھی ایک عظیم لیڈر ، سیاستدان، آزادی پسند، وکیل ، ماہر تعلیم اور عدم تشدد کے علمبردارتھے اور ان کی جدوجہد کے نتیجے میں ہی انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے میں ہندوستان کامیاب ہوا۔انہوں نے ملک کے وسیع تر مفادات کے تناظر میں گاندھی کی زندگی اور کامیابیوں کے بارے میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے سچائی اور عدم تشدد کے مبلغ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھیائی نعرے لکھنے کے مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاگیا۔ گزشتہ روز ڈگری کالج بانہال کے کانفرنس ہال میں گاندھی جینتی کے سلسلے میں منعقد تقریب کے دوران آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم گاندھی کی نمائش کی گئی جسے سینکڑوں کی تعداد کالج میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات اور سٹاف نے دیکھا اور گاندھی جی کے کئی اور پہلوؤں پر جانکاری حاصل کی۔ اس کے علاؤہ گاندھی جینتی کی تقریبات کے سلسلے میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی ڈگری کالج بنکوٹ بانہال کے احاطے میں اور اس کے آس پاس علاقوں میں گاندھیائی نعرے لگاتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچی۔ کالج انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ آئندہ دو ہفتوں تک تقاریب کیلئے ایک شیڈول تیار کیا گیا ہے اور اس کیلئے کالج کے طلاب اور سٹاف جوش و جذبے کے ساتھ تیاری کر رہے ہیں۔