گاندر بل میں14 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا

گاندر بل//پینے کے پانی کی سپلائی میںمزید بہتری لانے کے اقدامات کے تحت پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے گاندر بل میں دو واٹر سپلائی سکیموں اور ایک لفٹ اری گیشن سکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقعہ پر ممبر اسمبلی گاندر بل شیخ اشفاق جبار، ایم ایل اے نوشہرہ رویندر رینہ، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندر بل ڈاکٹر پیوش سنگلا اور دیگر کئی محکموں کے سربراہاں اور افسران موجود تھے۔ وزیر موصوف نے ایم ایل اے گاندر بل کے ہمراہ گریز کالونی نُنر میں واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا جس پر349 لاکھ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔اس سکیم سے آس پاس کے آٹھ دیہات کے لوگوں کو پینے کے پانی کی سہولیات مہیا ہوں گی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔شام لال چودھری نے395 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی ژونٹ ولی وار لفٹ اری گیشن سکیم کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اس سکیم کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا اور چار دیہات اس سے مستفید ہوں گے۔ چودھری نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو پروجیکٹوں کی عمل آوری پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی تا کہ اُن کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔بعد میں وزیر نے ممبر اسمبلی گاندر بل کے ہمراہ قصبہ لار/ ریپورہ بالا میں واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھا جس پر742.63 لاکھ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ اس سکیم سے6 دیہات کے نفوس کو استفادہ ہوگا۔ایم ایل اے گاندر بل نے وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محکمہ کو مستحکم کرنے کے علاوہ عوام کو سہولیات دستیاب رکھنے میں ہمیشہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔