گاندربل کے متعدد علاقوں میں تیز رفتار ہوائیں چلیں

ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے بیشتر علاقوں میں تیز رفتار ہوائیں چلیں اور موسلادھار بارشیں ہونے کے سبب درجنوں مکانات کی چھتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ سینکڑوں سیب کے درخت اور چنار کی شاخیں ٹوٹ کر زمین پر آگئیں۔گاندربل کے ملحقہ علاقوں وسن،شیخ محلہ، بونہ زل ،ہاری پورہ ،منیگام ،یار مقام، آرہامہ سمیت ملحقہ علاقوں میں تین اور چار بجے کے درمیان تیز رفتار ہوائیں چلیں اور موسلادھار بارشیں ہونے کے نتیجے میں چاروں طرف خوف و ہراس پھیل گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق تین بجکر چالیس منٹ پر آسمان پر کالے بادل چھا گئے جس کے ساتھ ہی چاروں طرف اندھیرا چھا گیا،جس کے ساتھ ہی تیز ہوائیں چلنی شروع ہوگئیں جس کے باعث شیخ محلہ وسن، بونہ زل ،ہاری پورہ میں درجنوں مکانات کی چھتیں اڑگئیں، جبکہ سینکڑوں سیب کے درخت جڑوں سے اکھڑ کر زمین پر آگئے ۔ہاری پورہ کے ہلال احمد راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تیز رفتار ہوائیں چلنے سے مکان کی چھت لگ بھگ بیس میٹر دور جاکر دھان کے کھیت میں گرگئی جس سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ،یوں محسوس ہورہا تھا کہ پورا مکان ہی گرجائے گا ،تاہم اس کے ساتھ ہی موسلادھار بارشیں کا سلسلہ شروع ہوا جس کا سارا پانی مکان کے کمروں میں گھس گیا جس کے سبب سارا مال اسباب خراب ہوکر رہ گیا۔