گاندربل//ضلع گاندربل میں موجود امور صارفین و تقسیم کاری محکمہ کے راشن گھاٹوں سے صارفین کو غیر معیاری اور ناقص آٹا فراہم کرنے پر مقامی آبادی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔گاندربل کے بیشتر علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ راشن گھاٹوں سے ہر ماہ صارفین کو فراہم کیا جانے والا آٹا ناقص ہونے کے سبب بے ذائقہ ہوتی ہیں۔ضلع کے علاقہ لار،منیگام ،بنہ ہامہ،اندرون،ہاری پورہ ،گوٹلی باغ ،نونر،کنگن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں راشن گھاٹوں سے جو آٹا صارفین میں تقسیم کیا جاتا ہے اس میں مبینہ طورریت موجود ہونے کے نتیجے میں اس سے بننے والی روٹیاں کھانے کے قابل نہیں ہوتی ہیں جنہیں پکانے کے بعد پھینک دینا پڑتا ہے۔کنگن اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں، گوٹلی باغ، اندرون ،ولی واراور ژونٹھ ولی وار علاقوں میں تو ایک وقت چاول کے بدلے روٹیاں ہی کھائی جاتی ہیں لیکن آٹے میں ریت موجود ہونے کے سبب وہ بالکل ہی نہیں کھائی جاتی ہیں۔ امور صارفین محکمہ کے اعلیٰ حکام نے کہا کہ اس بارے میں جانکاری حاصل کرکے صارفین کو بہتر آٹا فراہم کیا جائے گا ۔
گاندربل کے سرکاری راشن گھاٹوں سے غیر معیاری آٹا فراہم
