گاندربل میں40 بجلی ٹرانسفارمرخراب | متعدد علاقے گذشتہ20روز سے گھپ اندھیرے میں

گاندربل// گاندربل ضلع کے مختلف علاقوں میں 40 بجلی ٹرانسفارمر گذشتہ بیس روز سے خراب ہیں اور محکمہ بجلی کے ورکشاپ میں پڑے ہوئے ہیںجن کی مرمت کیلئے کوئی کارروائی انجام نہیں دی جارہی ہے۔ محکمہ بجلی نے ضلع کو گاندربل،تولہ مولہ،منیگام اورکنگن سب ڈویژنوں میں بانٹ دیا ہے اور فی الوقت چاروں سب ڈویژنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں 40 سے زائد بجلی ٹرانسفارمر خراب پڑے ہیں ۔سب ڈویژن کنگن میں 27، منیگام میں 10، تولہ مولہ 12اورسب ڈویژن گاندربل میں 5 ٹرانسفارمر خراب ہیںجن میں سے کچھ مارچ کے پہلے ہی ہفتے میں خراب ہوگئے تھے۔ان علاقوں کے صارفین گذشتہ20 روز سے مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔محکمہ بجلی نے ضلع میں 40 بجلی ٹرانسفارمروں کے خراب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے ان ٹرانسفارمروں کی مرمت نہیں ہوسکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ٹرانسفارمر ٹھیک کردکے متعلقہ علاقوں میں نصب کئے گئے ہیں لیکن تیل کی کمی ہونے سے انہیں بھی مشکلات درپیش ہیں ۔