گاندربل میں پٹرول پمپوں اوربازاروں کا معائنہ

گاندربل //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) فاروق احمد بابا کی سربراہی میں امور صارفین کی انفورسمنٹ ونگ کی ٹیم نے ضلع میں قائم مختلف پٹرول پمپوں ، گیس ایجنسیوں اور متعددادویہ دکانوں کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران اے ڈی سی نے صوبائی کمشنر کشمیر کی جانب سے ڈیزل ، پٹرول اور گیس سمیت پیٹرولیم مصنوعات کے راشن سے متعلق قومی حکمنامے کی بندش کے بعد جاری کردہ ہدایات کی تعمیل کا جائزہ لیا۔اس معائنے کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں جیسے پیٹرول اور ڈیزل کی مختصر فراہمی پر بھی قابو پانا تھا۔ اے ڈی سی نے پٹرول پمپ مالکان اور گیس ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔دریں اثناء  غلط کام کرنے والے پٹرول پمپ آپریٹروں پر 2000 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔اے ڈی سی نے تاجروں کو غیر منصفانہ تجارتی طریقوں سے بازرہنے کی ہدایت دی اور صارفین کو خریداری کے دوران چوکس رہنے کی اپیل کی۔