گاندربل میں پولیس دربار

گاندربل //ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر نے ضلع کے کھیربوانی تھانہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں اے ایس پی گاندربل فیروز یحییٰ ، ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر ، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی گاندربل، بی ڈی سی چیئرمین شیرپتھری اور ایس ایچ او کھیربوانی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ معزز شہریوں، تاجروں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران شرکاءنے عوامی اہمیت کے کئی مسائل کو اجاگر کیا جس پرایس ایس پی نے موقع پر ہی کئی مسائل کا ازالہ کیا اورشرکا کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی دیگر حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ سے متعلق مسائل ان کے جلد از جلد ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔نکھل بورکر نے کہا کہ پولیس ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر بالخصوص منشیات فروشوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے تاکہ ضلع میں محفوظ اور پرامن ماحول قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام اور سول سوسائٹی ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایس ایس پی گاندربل نے امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں لوگوں کے تعاون کی تعریف کی اور میلہ کھیربوانی اور امرناتھ یاترا جیسے مختلف اہم مواقع پر ان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔