گاندربل میں ٹریفک جام روز کا معمول

گاندربل//گاندربل میں روزانہ تین بجے سے لیکر ساڑھے چار بجے تک ڈیڑھ کلو میٹر مسافت طے کرنے کے لئے گھنٹوں کا وقت لگتا ہے۔دودھرہامہ سے لیکر بی ہامہ چوک تک سینکڑوں گاڑیوں کی نقل و حرکت بند ہونے سے مقامی لوگوں کو منزل مقصود تک پہنچنے میں مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تین بجے سے لیکر ساڑھے چار بجے تک جب سکولوں سے طالب علم گھر کی جانب نکلتے ہیں توڈیڑھ کلومیٹر والی اس شاہراہ پربی ہامہ سے دودرہامہ والی مسافت کوطے کرنے میں 45 منٹ کا وقت صرف ہوتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ٹریفک جام کا یہ سلسلہ روزانہ دیکھنے میں آتا ہے،جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ جاتی ہیں۔ٹریفک جام کے وقت محکمہ ٹریفک کے بیشتراہلکار گاندربل کنگن شاہراہ پر گاڑیوں کا چالان کرتے نظر آتے ہیں۔آئی جی ٹریفک بسنت رتھ نے اس معاملے کو خود دیکھنے کا یقین دلایا۔