گاندربل میں نوجوان غرقآب بجبہاڑہ ،اننت ناگ اورپانتہ چھوک میں3نعشیں برآمد

 راجا ارشاد احمد+عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// منیگام گاندربل کی بابا کنال میں نہانے کے دوران ایک لڑکا ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے پیر کوبابا کنال میںنہانے کے دوران ایک لڑکا ڈوب کرلقمہ اجل بن گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے فوری طور پر بچائو کاروائی شروع کی اور جلد ہی اس کی لاش نکالی گئی ۔ لڑکے کی شناخت عاقب احمد لون ولد غلام قادر لون ساکن چھترگل کنگن کے بطورہوئی۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ادھر بجبہاڑہ کے ہالمولہ سنگم میں اتوار کو دریائے جہلم میں غرقآب ہوئے ایک نوعمر لڑکے کی لاش پیر کی صبح برآمد کی گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ، پولیس اور مقامی حکام کی طرف سے مشترکہ ریسکیو آپریشن لڑکے کو تلاش کرنے کی کوششیں کر رہے تھے اور کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد پیرکی صبح تقریباًپونے11 بجے قریب اس کے لڑکے کی نعش کو تلاش کر لیا گیا۔مذکورہ نواجوان کی شناخت محمد شبیر ولد نور محمد ساکن بدھن ریاسی کے طور پر ہوئی ہے۔

 

اس دوران پانتہ چھوک سرینگرکے قریب دریائے جہلم سے ایک شہری کی لاش برآمد ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ پیر کو جہلم سے پانتہ چھوک کے قریب ایک بزرگ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاش کی شناخت50سالہ طارق احمد شیخ ساکن پانپور کے طور پر کی گئی اور اسکی میت کو طبی کارروائی کیلئے ہسپتال بھیج دیا گیا ۔حکام نے بتایاکہ ضروری طبی وقانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد میت لواحقین کے سپردکی گئی ۔ادھراننت ناگ ضلع کے منزموہ علاقے میں پیر کو ایک 27 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ چوکر پتی منزموہ علاقے میں ایک نوجوان کی مشکوک حالت میں لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت قیوم اعوان کے نام سے ہوئی ہے جو کہ اسی علاقے کا رہائشی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔