گاندربل میں مچھلی پالن سے وابستہ افراد میں سامان تقسیم

 گاندربل//گاندربل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں تعلیم یافتہ نوجوانوں نے محکمہ فشریز کی مختلف اسکیموں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے مچھلی پالن کا کاروبار شروع کیا ہے جن میں محکمہ فشریز کی جانب سے 22 مچھلی پالن کسانوں میں سامان تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فشریز بشیر احمد بٹ، جوائنٹ ڈائریکٹر ارشاد احمد لون، اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام جیلانی پنڈت، انسپکٹر خالد محمود اور محکمہ میں تعینات دیگر عملہ موجود تھا۔اس موقع پر کسانوں میں سامان کی تقسیم کاری کے بعد ڈائریکٹر فشریز نے کہا کہ گاندربل میں موجود مشہور نالہ سندھ میںماہی گیری کی بڑی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط کیا تاکہ اسے خاص طور پر ضلع گاندربل میں معاشی ترقی کا ایک مفید آلہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ دیہی علاقوں میں پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو مچھلی پالن اپنانے میں مدد فراہم کرنے کے لیے کئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ ضلع میں مچھلی پالن کو فروغ دینے کے لیے ماہرین کسانوں کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرتے ہیں۔