گاندربل میں مختلف روٹوں پر چلنے والاپبلک ٹرانسپورٹ اوقات کار مقررکرنے پر عوام کااظہار مسرت

ارشاداحمد

گاندربل//رواں ماہ کی 9 تاریخ کو کشمیر عظمی میں ’’گاندربل کا پبلک ٹرانسپورٹ مسافروں کے لئے باعثِ عذاب‘‘،چھپی خبر کا محکمہ موٹر وہیکلز گاندربل فیسرنے سنجیدگی سے لیتے ہوئے مسئلہ کا تدارک کرتے ہوئے ضلع گاندربل میں مختلف شاہراہوں پر چلنے والے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے اوقات کار مقرر کردیئے۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے گاندربل ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ کو منظم کرنے والے ذمہ داروں کو طلب کرتے ہوئے ان کے ساتھ کئی نشستیں منعقد کرتے ہوئے بالآخر ہر شاہراہ پر چلنے والے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے اوقات کار مقرر کردیئے، جن کی رو سے صورہ سے کنگن کے لئے ایک گھنٹہ دس منٹ، صورہ سے صفاپورہ ایک گھنٹہ دس منٹ، صورہ سے سمبل سوناواری ایک گھنٹہ دس منٹ، صورہ سے لار ایک گھنٹہ، صورہ سے منیگام ایک گھنٹہ، کنگن سے حضرت بل ایک گھنٹہ دس منٹ، کنگن سے کلن 55منٹ،کنگن سے چھترگل 30 منٹ، گاندربل سے کنگن 40 منٹ، گاندربل سے صورہ 30 منٹ، صورہ سے شالہ بگ 55 منٹ میں سفر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ٹرانسپورٹروں سے کہاگیا کہ وہ ان روٹوں پرمعینہ وقت میںوہ سفر کومکمل کریں اورگاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو حکمنامہ اور اوقات کار کا چارٹ دیتے ہوئے ہدایت دی گئی کہ وہ طے شدہ وقت کے مطابق شاہراہوں پر گاڑیوں کو چلائے۔ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل نے بتایا کہ اکثر بیشتر عوامی حلقوں سے اس بات کی شکایت ملتی تھی کہ گاندربل میں واقع مختلف شاہراہوں پر چلنے والے پبلک ٹرانسپورٹ کو زیادہ وقت لگ جاتا ہے جبکہ اس سلسلے میں اخبار میں بھی خبر شائع ہوئی جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ ذمہ داروں کو طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ کا ازالہ کرتے ہوئے اوقات کار مقرر کرتے ہوئے ان کو ہدایات اور مرتب شدہ اوقات کار چارٹ فراہم کیا گیا اور حکمنامہ کی عدولی کے مرتکب ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی انجام دی جائے گی۔