گاندربل//امورِ نوجوان و کھیل کود کے مرکزی وزیر مملکت کرن رجیجو اور جموںوکشمیر کے امور نواجون و کھیل کود محکمہ کے سیکرٹری سرمد حفیظ نے آج گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج گاندربل کی جانب سے منعقدہ قومی یکجہتی کیمپ میں نوجوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کی نشست میں شرکت کی۔ایک بھارت شریشٹھ بھارت مہم کے تحت قومی یکجہتی کا اِنعقاد نہرو یوو ا کیندر سنگٹھن نے ضلع اِنتظامیہ کے اِشتراک سے کیا ہے جس میں دس ریاستوں کے علاوہ جموںوکشمیر سے تعلق رکھنے والے 250نوجوان شرکت کر رہے ہیں۔اِس موقعہ پر آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل شفقت اِقبال ، ایس ایس پی گاندر بل خلیل پوسوال ، ڈائریکٹر جنرل امور ِنوجوان و کھیل کود سلیم الرحمان ، اے ڈی سی گاندر بل فاروق احمد بابا اور دیگر کئی اَفسران موجود تھے ۔ اِس موقعہ پر کرن رجیجو نے کیمپ میں شرکت کیلئے خوشی کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی کیمپوں کے اِنعقاد سے ملک کی ثقافت اور تمدن کو سمجھنے کا موقعہ ملتا ہے ۔ جموں کشمیر میں کھیل ڈھانچے کو فروغ دینے کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت جموں کشمیر میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے ۔ اِس موقعہ پر سرمد حفیظ نے کیمپ کے اِنعقاد کیلئے ڈپٹی کمشنر کو مبارکباد دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال سے ہی تجربات کو بانٹا جا سکتا ہے ۔ ضلع میں کھیل سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کیلئے اُنہوں نے کہا کہ فزیکل کالج میں کھیلوں کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اگلے چھ ماہ کے اندر سنتھٹک ایتھلٹک ٹریک قائم کیا جائے گا جو جموں کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹریک ہو گا ۔ اِس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے کیمپ کے اِنعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام 126 پنچائت حلقوں میں کھیل کے میدان قائم کرنے کیلئے ضلع اِنتظامیہ ایک منصوبے پر عمل پیرا ہے ۔ اُنہوں نے ضلع میں یوتھ ہوسٹل اور این وائی کے آفس قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ پروگرام کے آخر میں فِٹ انڈیا مہم کے تحت 250 نوجوانوں میں سپورٹس کٹ تقسیم کئے گئے ۔
گاندربل میں قومی یکجہتی کیمپ منعقد، کرن رجیجونے شرکت کی
