گاندربل میں تمام سڑکوں سے برف ہٹائی گئی

گاندربل//وادی میں موجودہ ناسازگار موسمی حالات کے پیش نظر ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ضلع انتظامیہ کے حکام اورانجینئروں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں برفباری سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سی ایم او،سی ای او ،مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئران ،ای اومیونسپلٹی ،ڈ پٹی ایس پی ٹریفک اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع کی تمام سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ہے اورٹریفک کی معمول کی آمدورفت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے افسروں کو پہلے ہی قائم کئے گئے کنٹرول روم کو بنیادی خدمات کی فراہمی کے لئے جانکاری فراہم کرنے پر زوردیا تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے برف ہٹانے کی زیادہ سے زیادہ مشینو ں کو تیاری کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ضلع کے تمام صحت مراکز میں طبی اورنیم طبی عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کے بھی احکامات صاد رکئے۔بجلی سپلائی کی بحالی کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ پاور ٹرانسمیشن لائینوں کی مرمت اوربحالی کا کام شدومد سے جاری ہے اور ضلع میں صد فیصد بجلی سپلائی کی بحالی کا کام حتمی مراحل میں ہے ۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے ایس ایس پی گاندربل کے ہمراہ سونہ مرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔