گاندربل میں تعلیمی اداروں کو خالی کرنے کاعمل

سرینگر/ /محکمہ فوڈ اینڈ سپلائیز کے بعد گاندربل پولیس نے واضح کر دیا کہ ضلع میں تعلیمی ادارو ں کو فورسز کیلئے خالی کرنے کا عمل محض امر ناتھ یاترا کیلئے ہے اور لوگوں کو افواہوں پر دھیان نہیں دینا چاہئے ۔ سی این آئی کے مطابق گاندربل میں پولیس پبلک میٹنگ کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جواب میں ایس ایس پی گاندربل خلیل پسوال نے بتایا کہ ضلع میں فورسز کیلئے تعلیمی ادارے اور اسپتالوں کوخالی کرنے کے حکمنامہ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور یہ عمل صرف امرناتھ یاترا کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی امرناتھ یاترا کی شروعات ہوتی ہے، تو حفاظتی انتظامات کیلئے ہمیں اسکولوں اور اسپتالوں کی ضرورت پڑتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کی کمیونیکیشن ہم روز انتظامیہ کو لکھتے ہیں اور اس میںکوئی نئی بات نہیںہے اور نہ ہی کوئی گھبرانے والی بات ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شرپسند عناصرکی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔