گاندربل ضلع کی بیشتررابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل | دودرہامہ فتح پورہ سڑک کو فوری طور ٹھیک کرنے کا مطالبہ

گاندربل//گاندربل کے بیشتر علاقوں کی رابطہ اور اندرونی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوجانے سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔گاندربل کے بیشتر علاقوں جن میں کنگن اکہال، کنگن نجون،شالہ بگ ،ژھندنہ،سمیت دیگر علاقوں کی رابطہ اور اندرونی سڑکیں مکمل طور پر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔.رواں سال اگرچہ برفباری بہت کم ہوئی اس کے باوجود بھی ان رابطہ سڑکوں پر موجود میکڈیم اکھڑ چکا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے بن گئے ہیں، جن پر سفر کرنا وبال جان بنا ہے۔دودہرہامہ سے لیکر فتح پورہ تک رابطہ سڑک جس پر دو سال قبل میکڈم بچھایا گیا تھا صرف دوسالہ مدت کے دوران ہی مکمل طور پر خستہ حال ہوچکا ہے جس پر حالیہ دنوں برفباری اور بارش ہونے کے سبب سڑک تالاب بن چکی ہے۔ مقامی شہری شوکت احمد نے اس بارے میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ دو سال قبل دودرہامہ سے لیکر فتح پورہ رابطہ سڑک پر میکڈم بچھایا گیا تھا جو دو سال کے دوران ہی اکھڑ چکا ہے جس کی وجہ سے سڑک مکمل طور پر کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ہے۔ اس پر گاڑی چلانے کے دوران  گاڑیوں کے تمام پرزے ڈھیلے پڑجاتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس رابطہ سڑک کی فوری مرمت کرکے  اسے قابل استعمال بنایا جائے۔