گاندربل صفاپورہ سڑک کی کشادگی، متاثرین ہنوز معاوضہ سے محروم

گاندربل//گاندربل سے صفاپورہ سڑک کی کشادگی کے سلسلے میں حاصل کی گئی اراضی اور مکانات کا معاوضہ کی عدم فراہمیکی وجہ سے متاثرین میں ناراضگی پائی جارہی ہے ۔گاندربل سے صفاپورہ تک بارہ کلومیٹر اس سڑک کی کشادگی کے سلسلے میں 2010میں زمین کے علاوہ کئی مکانات اور دوکانوں کو حاصل کیا گیا۔ گنگرہامہ، ڈمبہ کدل، تھیورو، ڈانگر پورہ، لارسن، بارسو، ینگورہ، مانسبل، گرٹہ بل سمیت دیگر علاقوں میںضلع انتظامیہ کی جانب سے زمین خالی کروائی گئی لیکن متاثرین ہنوز معاوضہ حاصل نہیں کرپائے ہیں۔لارسن کے ایک شہری یاسر احمد صوفی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 2010 میں سڑک کی کشادگی کے لئے سروے کی گئی اوراُن کی زمین اوررہائشی مکان اسکی زدمیں آگیا ۔انہوں نے کہا کہ 2016 میں زمین کا معاوضہ دیا گیا لیکن رہائشی مکان کا معاوضہ ابھی تک نہیں دیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔متاثرین نے حکام سے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔