گاندربل خودسوزی واقعہ

گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں انہدامی کارروائی کے دوران شہری کی خودسوزی کرنے کے واقعہ کی تحقیقات کے احکامات صادر کرتے ہوئے تحصیلدار گاندربل کا تبادلہ کیا گیاہے۔ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل خورشید احمد شاہ کو واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری افسر مقرر کیا ہے اور10دنوںکے اندراندر انکوائری کی جائے گی۔ اس دوران اس معاملے کو غلط طریقے سے نمٹنے پر حکومت نے فوری طور پر تحصیلدار گاندربل کے تبادلے کا بھی حکم دیتے ہوئے ان کو ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کے دفتر سے منسلک کردیا ہے جبکہ ان کی جگہ تحصیلدار تلیل طارق احمد بٹ کو تحصیلدار گاندربل تعینات کردیا ہے۔واضح رہے کہ 22 فروری 2022 کو گاندربل کے مضافاتی علاقہ ہرن میں مبینہ خود سوزی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے دوران عامر حمید شاہ نے مبینہ طور پر انہدامی کارروائی کے خلاف خود پر تیل چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ ادھر میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ کے ڈاکٹروں کے مطابق عامر حمید شاہ کی حالت انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے ،اگرچہ علاج میں ہر ممکن کوشش کی جارہی ہیں تاہم ابھی بھی حالت نازک ہے۔ اس دوران ضلع پولیس گاندربل کی جانب سے ایڈیشنل ایس پی گاندربل فیروز یحیٰ کی ہدایت پر پولیس پارٹی نے ہسپتال جاکر زخمی عامر حمید شاہ کی عیادت کرتے ہوئے ڈاکٹروں سے علاج معالجہ کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے ان کو ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ڈاکٹروں سے ہر ممکن مالی امداد اور سامان فراہم کرنے کے بارے میں بات کی گئی ۔