گاندربل جنگلات میں5ویں روز بھی آگ جاری

گاندربل//سندھ فارسٹ ڈویژن گاندربل کے کمپارٹمنٹ نمبر 7اور 8 میں جاری آگ پانچویں روز میں داخل ہوگئی ۔آگ بجھانے کے دوران مانسبل رینج آفیسر اور کیجول لیبر شدید زخمی ہو گئے۔معلوم ہوا ہے کہ 5 روز سے جاری آگ میں سینکڑوں درخت خاکستر ہوگئے ہیں۔ ادھر مانسبل رینج کے کمپارٹمنٹ نمبر 20 ناران ناگ میں بھی گزشتہ 2 روز سے جاری آگ میں درجنوں درخت خاکستر ہوگئے ۔آگ بجھانے کے دوران مانسبل رینج آفیسر عبدالرشید بکروال ساکن ٹھیون کنگن اور شبیر احمد صوفی ساکن ڑنر وسن شدید زخمی ہوگئے جن کو ٹراما ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے رینج آفیسر کوسکمز منتقل کیا گیا۔محکمہ جنگلات کے کنسر ویٹر جاوید احمد اندرابی،ڈویژنل فارسٹ آفیسر شبیر احمد شیخ اور دیگر عملہ آگ بجھانے کی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے تھے۔