گاندربل اور سوپور میں 4افرادنشیلی اشیاء سمیت گرفتار

سرینگر//گاندربل اور سوپور میں پولیس نے3افراد کو گرفتار کیااور نشیلی مادہ برآمدکیا۔شادی پورہ پل کے قریب قائم ایک چوکی پر پولیس پوسٹ شادی پورہ کے اہلکاروں نے دو افراد کو مشکوک انداز میں روکا جنہوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس پارٹی نے انہیں پکڑ لیا۔ دوران چیکنگ اہلکاروں نے کوڈین فاسفیٹ کی 24 بوتلیں ان کے قبضے سے برآمد کر لیں۔ ان کی شناخت محمد یاسین گنائی اور محمد یونس گنائی ساکن آرم پورہ سنبل کے بطور ہوئی ہے۔اسی طرح سوپور میں ایس ڈی پی او رفیع آباد کی نگرانی میں پی پی وترگام کے افسران نے لڈورہ کراسنگ پر قائم ایک چوکی پر ایک شخص کو روکاجس کا نام بلال احمد گنائی ساکن لڈورہ رفیع آباد ہے۔ چیکنگ کے دوران سماکسوپرکسوان کے 1520کیپسول برآمد کرنے میں کامیاب ہوئے۔اسی مناسبت سے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سوپور میں پولیس نے ایک شہری کو گرفتار کیا ہے جو طویل عرصے سے اپنی گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ ایس ڈی پی او رفیع آباد امین بٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ پانزلہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے محمد رفیق لون نامی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کر کے مزید پوچھ گچھ کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔