گاندربل اور بانڈی پورہ میں پولیس کارروائیاں پاکستان میں مقیم 5ملی ٹینٹوں کی غیر منقولہ جائیدادیں قرق

 راجا ارشاد احمد+عازم جان

گاندربل+بانڈی پورہ //گاندربل اور بانڈی پورہ میں90کی دہائی اور 2000 میں سرحد پار جانے والے5 مفرور افراد کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں۔ گاندربل پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ضلع انتظامیہ کے ایک حکمنامہ کی تعمیل کرتے ہوئے مقدمہ زیر نمبر 120/2009 گاندربل پولیس اسٹیشن کے تحت 4 مفرور افراد کی غیر منقولہ جائیداد جو پاکستان زیر قبضہ مظفرآبادفرار ہو گئے تھے، کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ گاندربل پولیس اور ریونیو حکام کی مشترکہ ٹیم نے لطیف خان عرف سجاد ولد کشوار خان ساکن گوٹلی باغ کی 13 مرلہ اراضی کو منسلک کردیا ۔ گوٹلی باغ کے ہی محمد حسین شاہ ولد اعتبار شاہ کی منقولہ 03 کنال 14 مرلہ اراضی ،ولی اللہ خان ولد محمد عبداللہ ساکن گوٹلی باغ کی 13 کنال اراضی اورفاروق احمد وانی ولد غلام نبی ساکن وانی پورہ سالورہ گاندربل کی 1 کنال 5 مرلہ اراضی کو ضبط کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق چاروں فراریوں غیر قانونی اسلحہ گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لئے پاکستان زیر قبضہ مظفرآباد گئے ہیں۔ مفرور قرار دے کر ان کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں ۔ادھربانڈی پورہ ضلع میں لشکر طیبہ(ایل ای ٹی)کے ایک ساتھی کے خاندان کی زمین بدھ کو انسداد دہشت گردی قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کر لی گئی۔بانڈی پورہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر 43/2022 کے معاملے میں اشٹینگو بانڈی پورہ میں 14 مرلہ رہائشی زمین کو ضبط کر لیا۔ بانڈی پورہ پولیس نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس زمین کی شناخت دہشت گردی کی آمدنی کے طور پر کی گئی تھی اور اسے UAPA کے تحت منسلک کیا گیاہے۔پولیس نے کہا کہ یہ زمین لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹ ساتھی عرفان احمدبٹ کے خاندان کی ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ اس کا بھائی 2000 میں پاکستان فرار ہو گیا تھا۔