گاندربل اور اننت ناگ میں میگا لیگل سروسز کیمپ منعقد

 گاندربل+اننت ناگ//گاندربل اور اننت ناگ (اسلام آباد) میں میگا لیگل سروسز کیمپ منعقد ہوئے۔ منی سیکریٹریٹ گاندربل میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ایک میگا لیگل سروسز جانکاری کیمپ اور روزگار میلے کا اہتمام کیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گاندربل راجا شجاعت علی خان اور ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹرپیوش سنگلا نے مشترکہ طور پر کیمپ کا افتتاح کیا۔کیمپ میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ،اے ڈی ڈی سی، اے سی آر او رڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ،بار ممبران اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔کیمپ میں مختلف محکموں کی طرف سے 35سٹال قائم کئے گئے تھے۔ اس موقعہ پر مختلف سکیموں کے خدوخال کو اجاگر کیا گیا جب کہ محکموں کی طرف سے بھی لوگوں کو سکیموں اورپروگراموں کے بارے میںجانکاری دینے کے لئے مواد تقسیم کیا گیا۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف محکموں کی طرف سے فراہم کی جارہی خدمات پر روشنی ڈالی ۔تقریب سے سیشنز جج راجا شجاعت علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیگل سروسز کیمپ کے انعقاد سے لوگوں کو مختلف قانونی خدمات اورسکیموںکے بارے میں جانکاری ملتی ہے۔ادھراننت ناگ میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی طرف سے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے ایک میگا لیگل سروسز اورجانکاری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈسیشنز جج اننت ناگ سید توقیر احمد خان نے کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر مختلف محکموں،بنکوں اور رضاکار تنظیموںکی طرف سے 32سٹال قائم کئے گئے تھے اورلوگوں کو سکیموں اور پروگراموں سے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے لئے مواد بھی فراہم کیا گیا۔اے ڈی سی پرویز سجاد گنائی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔سید توقیر احمد نے کہا کہ لیگل سروسز کیمپوں کے انعقاد کے بارے میںجانکاری فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ان سکیموں سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے کہا کہ ضلع انتظامیہ تمام بہبودی سکیموںکی موثر عمل آوری کی وعدہ بند ہے۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں مختلف نوعیت کی 125سکیموں پر عمل آوری جاری ہے۔اس دوران ترقیاتی کمشنرنے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کی موجودگی میں پی ایم ای جی پی کے تحت 6مستفیدین میں منظوری کے کاغذات تقسیم کئے جبکہ دیگر مستفیدین میں مختلف سکیموںکے تحت امدادی سامان کے علاوہ قرضوں کی واگذاری سے متعلق دستاویزات بھی تقسیم کئے گئے۔