گاندربل ، کنگن اور بڈگام بازاروں کا معائنہ

ارشاد احمد+غلام نبی رینہ
گاندربل+کنگن+بڈگام//ضلع انتظامیہ گاندربل کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی گاندربل، محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری اور محکمہ ریونیو کی ایک مشترکہ ٹیم جس کی سربراہی شگوفہ جلال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور صارفین ڈاکٹر نصیر احمد نے فوڈ سیفٹی افسروں کے ہمراہ دودرہامہ میں موجود قصابوں، سبزی فروشوں، نانوائیوں، مرغ فروشوں سمیت دیگر دوکانوں میں فروخت کئے جانے والے اشیائے خورد و نوش کی جانچ پڑتال میں تیزی لائی۔واضح رہے کہ جمعرات کو کشمیر عظمیٰ میں ایک خبر شائع ہوئی تھی جس کا ضلع انتظامیہ گاندربل نے سنجیدہ لیا اورگاندربل قصبے میں متعدد بازاروں کا دن بھر معائنہ کیا گیا۔ معائنہ کرنے کے دوران غلطی کرنے والے تاجروں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور گلے سڑے پھل اور سبزیاں موقع پرضائع کر دی گئیں۔ اس موقع پر تمام دکانداروں جن میں قصائی،مرغ فروش، نانوائی اور پھل اور سبزی فروشوں کو ہدایات جاری کی گئی کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامہ کے مطابق ہی اشیا ئے خوردنی فروخت کرنے کی واضع ہدایت دی گئی۔ساتھ ہی صفائی اور حفظان صحت کو بھی برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا۔کنگن پولیس نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران چار دوکانداروں کو صارفین سے سرکاری نرخناموں سے زیادہ قیمت وصول کرنے پر تین دوکانداروں کے خلاف کیس درج کرلیا ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن کنگن ترک ظہور نے بتایا کہ کنگن میں مارکیٹ چکنگ کے دوران صارفین سے سرکاری نرخناموں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے تین دوکانداروں جن میں ایک فروغ فروش اور دو سبزی فروش شامل ہے، کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ انہوں نے دوکانداروں کو متنبہ کیا کہ جو بھی دوکاندار سرکاری نرخناموں سے زیادہ قیمت صارفین سے وصول کرے گا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ادھرڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن بڈگام کے فوڈ سیفٹی ونگ نے ضلع کے مختلف بازاروں میں سخت بازاری مہم چلائی۔میرگنڈ، نصراللہ پورہ، خانصاحب اور بڈگام کے کئی علاقوں میں گوشت اور مرغ کی دکانوں کے معائنہ کے دوران 5 قصاب، 1مرغ فروش اور 2دودھ فروش غیر صحت مند حالت میں اور فوڈ سیفٹی کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے گوشت/چکن اور دودھ فروخت کرتے ہوئے پائے گئے اور 8 مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو جانچنے کے لیے چلائی گئی۔ خصوصی مہم کے دوران غلط قصائیوں، چکن اور دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مزید برآں ضلع بڈگام کے تمام بلاکوں میں بازار میں فروخت ہونے والے کھانے کے معیار کو جانچنے کے لیے مہم کو تیز کیا جائے گا۔یامین نبی، نامزد افسر ڈسٹرکٹ بڈگام نے کہا کہ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو انحراف سے باز رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کی دفعات کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی آن وہیلز کو بھی فوڈ آئٹمز کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے استعمال کیا گیا اور مہم کے دوران 20 فوڈ آئٹمز کا تجزیہ کیا گیا۔