گاندربل:کھدائی کے دوران پسی گرآنے سے ایک مزدور جاں بحق، دوسرا زخمی

ارشاد احمد
 

 

 گاندربل //گاندربل کے علاقہ صفاپورہ سے ملحقہ کوہستان کالونی میں پیر کو ایک المناک حادثہ میں پتھر کی کان کا ایک حصہ گرنے سے25سالہ مزدور ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

 

عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صفاپورہ سے ملحقہ کوہستان کالونی میں پتھر کان کنی کے دوران پتھروں کا بہت بڑا حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں مقامی مزدور 25سالہ خورشید احمد لہروال ولد غلام حسن ساکنہ کوندہ بل مانسبل کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ 50سالہ غلام نبی لہرساکنہ کوندہ بل مانسبل زخمی ہوگیا۔

 

 دونوں زخمیوں کو اگرچہ فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا لیکن وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے خورشید احمد لہروال کو مردہ قرار دیا، جبکہ دوسرے مزدور کو مزید علاج کے لئے سرینگر منتقل کر دیا گیا۔