گالندر پانپور میں دلدوزحادثہ

 سرینگر// سرینگر جموں شاہراہ پرگالندھر پانپور کے نزدیک ایک تیز رفتارٹپر نے موٹر سائیکل کو اپنی زد میں لاکر کچل ڈالا جس کے نتیجے میں اُس پر سوار ایک خاتون جاں بحق اور اس کا بیٹا بری طرح سے زخمی ہوا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح پانپور کے گالندھر علاقے میں سرینگر جموں شاہراہ پر ایک ٹپر زیر نمبرJK01L/8023 نے ایک موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماردی۔عینی شاہدین کے مطابق ٹپر انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جارہا تھا۔اس واقعہ میں موٹر سائیکل پر سوارعابد احمد خان ولد مشتاق احمد خان ساکن کنڈی زال کاکہ پورہ اور اسکی والدہ شاہینہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شاہینہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی۔ اس کا بیٹا بھی بری طرح سے مضروب اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔واقعہ کی خبر جب ان کے آبائی علاقے میں پھیلی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے چھان بین شروع کی گئی ہے۔