گائو کدل ،ہندوارہ اور کپوارہ ہلاکتوں کی برسیوں پر متعلقہ علاقوں میں ہڑتال کی اپیل

سرینگر/ گائو کدل ،ہندوارہ اور کپوارہ اجتماعی ہلاکتوں کے واقعات کو ''بھارتی جابرانہ تسلط اور ظلم کے آئینہ'' دار قرار دیتے ہوئے علیحدگی پسندوں کے پلیٹ فارم، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے گائوکدل، ہندوارہ اورکپوارہ سانحات کی برسیوں کے موقع پر21 ،25اور 27 جنوری کو باالترتیب گائو کدل،بسنت باغ،چوٹہ بازار اور ملحقہ علاقہ جات نیزہندوارہ اور کپوارہ قصبوں میں مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

 سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت کے بیان کے مطابق مذکورہ مقامات پر دعائیہ مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے گائوکدل، شہدائے ہندوارہ اور شہدائے کپوارہ کی یاد دراصل ہمارے لئے تجدید عہد کے ایام ہیں اور ہم اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے 21 جنوری (یوم شہدائے گائوکدل) پر ، گائوکدل، بڈشاہ چوک، مائسمہ،بسنت باغ،بربرشاہ،ریڈ کراس روڑ کوکر بازار، چوٹہ بازار، کنہ کدل اور ملحقہ علاقہ جات جبکہ( شہدائے ہندوارہ ) 25 جنوری بروز جمعہ ،ہندوارہ قصبہ اور( شہدائے کپوارہ) پر27 جنوری بروز اتوار کپوارہ قصبہ میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی۔