گائوں میں آلودہ پانی سپلائی کرنے پر مکینوں کا احتجاج

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژ ن کے دبڑ علاقہ کے مکینوں نے گائوں میں آلودہ پانی سپلائی کئے جانے پر محکمہ جل شکتی کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ کی جانب سے نہ تو پانی جمع کرنے والے ٹینکوں کی صفائی کی جاتی ہے اور نہ ہی پانی سپلائی کرنے والے جگہوں کا معائینہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے پورے گائوں میں مٹی بھر آلودہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے ۔مظاہرین جن میں خواتین بھی تھیں ،نے متعلقہ محکمہ کیخلاف شدید نعرے باز ی کرتے ہوئے کہاکہ پانی جمع کرنے والے ٹینکوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ان میں پلاسٹک کی بوتلیں جمع ہوئی ہیں ۔انہوں نے الزا م عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایسی تمام گندگی ٹینکوں میں جمع ہو جاتی ہے جو مناور دریا میں بہہ کرآتی ہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے ٹینکوں کی صفائی ستھرائی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لا کرٹینکوں کی صفائی ستھرائی کروائی جائے تاکہ لوگوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہو سکے ۔