کے کے شرما کا سرینگر میں عوامی دربار

سرینگر//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کل جموں کشمیر گورنرز گریوونس سیل کے تحت ایک عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا جس دوران کئی عوامی وفود اور افراد اُن سے ملاقی ہوئے اور اپنے اپنے مطالبات کو اجاگر کیا ۔ اس دوران 18 وفود مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور اپنے مسائل حل کرنے میں اُن کی مداخلت طلب کی ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی ، چیف انجینئر پی ایچ ای ، چیف انجینئر آر اینڈ بی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ڈل علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں 2014 کے سیلاب سے ہوئے نقصانات کے عوض معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ آل لداخ ریذیڈنٹ ویلفئیر سوسائیٹی سرینگر، پی ڈی ڈی ٹھیکیدار ایسوسی ایشن ،بے روز گار ڈینٹل سرجنوں کے والدین ، ٹریڈرس یونین گاندر بل ، ٹرانسپورٹرس ایسوسی ایشن ، ویسٹرن بس سٹینڈ کے ایم ڈی ، شیپ پروڈکٹس ڈیولپمنٹ بورڈ کے ریٹائیرڈ ملازمین کے وفد بھی اپنے مسائل پیش کئے۔ مشیر موصوف نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور ان پر ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کرنے کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کئی مطالبات کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں ۔