کے جی پی کو ماڈل پالی ٹیکنک بنایا جائے گا:پریا سیٹھی

 سرینگر//تکنیکی تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی نے کل کشمیر گورنمنٹ پالی ٹیکنیک گوگجی باغ کا دورہ کر کے تعلیمی اور غیر نصابی بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کالج کے مختلف سیکشنوں کا معائینہ کر کے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔وزیر نے کالج انتظامیہ کو طلباءکو جدید کورسوں کی تربیت فراہم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کالج کو ایک ماڈل کالج بنایا جائے گاجہاں جدید قسم کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے مختلف کارپوریٹ اداروں کے اشتراک سے کالج میں لیبارٹریوں کے قیام پر زور دیا۔وزیر نے طلباءکے ساتھ بات کر کے لیٹرل انٹری داخلے اور نوجوان کی بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے طلباءکو وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔انہوںنے کرافٹ ووڈ ورکشاپ کا بھی معائینہ کیا اور وہاں رکھی مصنوعات کی سراہناکی ۔