کے۔ وِجے کمار نے جموں شہر کو مزید جاذبِ نظر بنانے پر زور دیا

 جموں//ورنر کے مشیر کے ۔ وِجے کمار نے جموں شہر کو مزید جاذب نظر بنانے اور اس کے مضافات میں آرائشی کاموں کو مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔مشیر موصو ف آج یہاں جے ایم سی ، پھولبانی اور جنگلات محکمہ کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے جس دوران شہر اور اس کے مضافات کو مزید خوبصورت بنانے سے متعلق منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ناظم فلوری کلچر ببیلا رکھوال ، جے ایم سی کے جوائنٹ کمشنر پردیپ سنگھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔مشیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو طویل اور قلیل مدتی منصوبے بنانے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر میں شجرکاری کی ایک بڑی مہم شروع کی جانی چاہیئے۔ اس کے علاوہ آرائشی پیڑ ،پودے اور پھول بھی مناسب جگہوں پر اُگائے جانے چاہیئے۔ اُنہوں نے جے ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ اہم مقامات کے ساتھ ساتھ فلائی اووروں کے نیچے صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس پر ناجائز قبضے کو روکنے کے لئے بھی اقدامات کریں۔