کی گریز میں کارروائیACB ۔ 30ہزار کی رشوت طلب کرنے پر فارسٹر گرفتار

 عازم جان

بانڈی پورہ// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)نے گریزکے بڈوگام تلیل علاقے میں رشوت کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک فارسٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔اے سی بی نے بتایا کہ بڈوگام تلیل کے انچارج بلاک فارسٹر محمد سلطان بٹ ولدجبار بٹ ساکن آیت اللہ بانڈی پورہ کو ایک ٹھیکیدار سے 30,000 روپے کی رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا، ٹھیکیدار حکومت ہند کی جل جیون مشن اسکیم کے تحت بانڈی پورہ ضلع کے دور دراز علاقے میں کام انجام دے رہا تھا۔

 

 

 

جنگلات کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے ٹھیکیدار کو رکاوٹوں کا سامنا تھا۔ جے جے ایم اسکیم کا مقصد 2024 تک پورے ہندوستان کے دیہی گھرانوں کو پینے کا محفوظ اور وافر پانی فراہم کرنا ہے اور فی الحال جموں اور کشمیر میں بھی اس کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔بٹ کی بدعنوان سرگرمیوں سے متعلق شکایت موصول ہونے پر اے سی بی نے تیزی سے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اے سی بی کے عہدیداروں نے ایک کامیاب ٹریپ آپریشن کرتے ہوئے بٹ کو رشوت لیتے ہوئے پکڑ لیا۔اے سی بی کے عہدیداروں نے رشوت ستانی کے واقعہ کی اطلاع دینے میں ٹھیکیدار کی ہمت کی ستائش کی اور بدعنوانی سے نمٹنے اور عوامی خدمات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ گرفتار فارسٹر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، اور اس کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔