کیگام شوپیان فورسز پر گرینیڈ حملہ

 شوپیان+بارہمولہ//جنوبی کشمیر میں کیگام شوپیان میں ملی ٹینٹوںنے سی آر پی ایف گاڑی پر گرینیڈ داغا جسکی وجہ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور دھماکہ ہوا۔ادھرپولیس اور سیکورٹی فورسز نے بارہمولہ میں 10 گرینیڈ، 10 یو بی جی ایل اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔ کیگام میں جمعرات کی شام دیر گئے سی آر پی ایف کی 14 بٹالین گاڑی پر ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ داغا جسکی وجہ سے گاڑی کے ٹائر متاثر ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس و فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں شروع کردی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے جسکی وجہ سے زور دار آواز ہوئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ وہ جانچ کررہے ہیں۔ادھرپولیس نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے زنڈفرن علاقے میں بھاری دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔ پولیس، فوج، ایس ایس بی اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے زنڈفرن علاقے میں تلاشی کے دوران 10 ہینڈ گرینیڈ، 10 یو بی جی ایل، ایک کروڈ گرینیڈ اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ۔