کینسر سے آگاہی کیلئے پریس کالونی میں انوکھا احتجاج

سرینگر // کینسر بیماری سے بچنے کیلئے لوگوں میں جانکاری بڑھانے کیلئے اتوار کو سرینگر کی پریس کالونی میں عبدلرشید لاوے نامی شہری نے پرامن احتجاج کیا۔ احتجاجی دھرنے کے دوران عبدلرشید لاوے نے ایک سفید قسم کی قمیض پہن رکھی تھی جس پر کینسر سے بچائو کے مختلف نعرے درج تھے۔ عبدلریشد نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ مرنے سے پہلے بیماری سے بچو‘‘ اور’’ ہماری زندگی کا تباہ کن آغاز ، جنگلات کا کٹائو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ عبدلرشید لاوے نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  ’’ میںعالمی یوم کینسر کے موقعہ پر لوگوں کو کینسر جیسی مہلک بیماری کے بارے میں آگاہ کرنا چاہتا تھا۔‘‘انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی ، جنگلات کا کٹائو ، ماحولیات آلودگی ، زراعت میں کمی، کینسر اور کینسر جیسی دیگر بیماریوں کی وجہ بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلئے لوگوں کو سماج میں پل رہی برائیوں اور بیماریوں کے بارے میں آگاہ کرنا لازمی ہوگیا ہے کیونکہ یہ بیماریاں نہ صرف لوگوں کی جان لیتی ہے بلکہ لوگوں کو مالی اور جانی نقصان سے دوچار کرتی ہیں۔