کیلاموڑپر اضافی دو لین پل اور چمبہ سیری نالہ پر 4لین پل تعمیر ی کام تکمیل کے قریب، مارچ 2024تک یا اس سے پہلے مکمل ہو جائینگے

ایم ایم پرویز

//رام بن// قومی شاہراہ چار لین پروجیکٹ کے رام بن بانہال سیکشن پر کیلاموڑ نالہ پر ایک اضافی دو لین پل اور چمبہ سیری نالہ پر چار لین پل کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔تاہم، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، پی آئی یورام بن کے افسران نے کہا کہ دونوں اہم پلوں پر کام مارچ 2024 تک یا اس سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔این ایچ اے آئی کی طرف سے مصروف ایک تعمیراتی کمپنی کے انجینئروں نے بتایا کہ کیلاموڑاور چمبہ سیری دونوں پلوں کے بڑے حصوں پر کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیرا پیٹس، فرنشننگ کا کام اور دونوں پلوں کی طرف جانے والی سڑک پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیری سے کیلاموڑ تک ایک اضافی دو لین سڑک پر کام کا آخری مرحلہ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چمبہ، سیری نالہ پر چار لین پل پر کام بھی جاری ہے اور تکمیل کے قریب ہے۔دو لین موجودہ ہائی وے کو رام بن، ترسول موڑ سے چمبہ تک اور چمبہ سے سیری سٹریچ کو فور لین میں تبدیل کرنے کے لئے کھدائی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور سڑک کی سرفیسنگ،نکاسی اور پشتے اور دیگر متعلقہ کام جاری ہیں۔اس سے قبل کیلاموڑمیں ایک دو لین ٹنلT1 اور ایک پل تعمیر کیا گیا تھا اور جنوری 2023 میں دو طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ سیری سے کیلاموڑ جانے والی پرانی الائنمنٹ سڑک پر سڑک کی توسیع کا کام اور اضافی دو لین والے کیلاموڑ پل کا کام جنوری 2023 میں تیز رفتاری سے شروع کیا گیا تھا۔اس کے مکمل ہونے کے بعد گاڑی چلانے والوں اور سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں کو بڑی راحت ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں پل فور لین پروجیکٹ کے رام بن – بانہال سیکشن کے ایک اہم حصے پر بنائے گئے ہیں۔یہاں یہ بتانا مناسب ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا،سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی وزارت نے رام بن۔بانہال سیکشن کو 4لین کرنے کے لئے ای پی سی موڈ پر جموں و کشمیر میں پروجیکٹ روڈ کو ہر موسم میں ٹریفک کے قابل اور محفوظ بنانے کےلئے اہم مقامات پر کلومیٹر 151 سے 187تک موجودہ ڈی پی آرکی دفعا ت میںنظر ثانی کی ہے۔اس پر عمل درآمد کے تحت رام بن۔بانہال سیکشن کو 4 لین کرنے کے لئے موجودہ ڈی پی آر/ معاہدہ کی دفعات کا مطالعہ کرنے کے لئے ایک کنسلٹنسی سروس کے انعقاد کی تجویز پیش کی گئی تھی اور اس کے مطابق ستمبر 2020 میں این ایچ اے آئی کے ذریعہ انٹر کانٹی نینٹل کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کو کنسلٹنٹس کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا،پی آئی یو رام بن پرشوتم کمار نے کہا کہ چمبہ سیری میں اہم چار لین پل اور کیلاموڑ میں اضافی دو لین پل پر کام جاری ہے اور دونوں پل مارچ 2024 تک یا اس سے پہلے مکمل ہوجائیں گے۔