کیشوان کشتواڑ سڑک پر موت کا رقص، 17مسافروں کو نگل لیا

 
کشتواڑ// کشتواڑ کے مضافات میں ایک المناک سڑک حادثے میں 17مسافر لقمہ اجل جبکہ 16 دیگر زخمی ہوئے جن میں 11کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 3خواتین بھی شامل ہیں۔جمعہ کی صبح کشتواڑ ٹھاکرائی سڑک پرکیشوان سے کشتواڑ کی طرف آنے والی میٹا ڈار گاڑی زیر نمبرJK17/ 0663 صبح 9بجے ٹھاکرائی کے دندارن گائوں کے قریب لڑھکتی ہوئی دریائے چناب کے کنارے جا گری ۔ میٹا ڈارمیں ڈرائیور سمیت 33افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر کا تعلق ٹھاکرائی سے تھا ۔گاڑی سڑک سے پھسل کر 300فٹ گہری کھائی میں جا گری اوربری طرح ٹوٹ پھوٹ کی شکار ہوئی ، جس کے نتیجے میں زخمی و مسافروں کی لاشیں ڈھلوان پر بکھری پڑی رہیں۔ عین شاہدین کا کہنا ہے کہ میٹا ڈار میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔حادثے کے نتیجے میں 13افراد نے موقعہ پر ہی دم توڑ دیا جب کہ 3زخمی ضلع ہسپتال کشتواڑ میں چل بسے اور ایک زخمی کی جموں میڈیکل کالج میں دوران علاج موت واقع ہوئی۔ 11 زخمیوں کو فوج اور سول انتظامیہ کے ہیلی کاپٹروں میں جموں منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ اس طرح کل 17افراد لقمہ اجل بن گئے۔ نسبتاً کم زخمی ہوئے 5افراد کو ضلع ہسپتال کشتواڑ میں داخل کروایا گیا ہے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کشتواڑ کے ضلعی پولیس و سول اینڈمنسٹریشن کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے  بچائو کارروائی شروع کی۔پولیس اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے میٹادار اور اس میں لقمہ اجل بننے والے مسافروں کی لاشیں اور زخمیوں کو سڑک پر لایا گیا۔اس المناک حادثے میں مرنے والوں کی شناخت ناصر ولد حبیب اللہ ، نذیر احمدولد عبدالعزیز، محمد یوسف ولد مقبول،اختر حسین بٹ ولد محمد رمضان، مجیدہ بیگم زوجہ غلام حسین،طارق حسین ولد غلام حسین کھانڈے، غلام محی الدین ولد غلام رسول راتھر،گردھاری لال ولد دیا رام،نذیر احمد شیخ ولد علی شاہ،مسرابیگم زوجہ نذیر راتھر،عمر ولد مجید راتھر ،قاسم ولد تاج دین، شاہینہ بیگم زوجہ غلام نبی،اشرف حسین ولد بشیر نائیک،نصیر ولد حبیب اللہ ،جبار ولد بشیر احمد اوروکرم ولد اشوک کمار کے بطور ہوئی ہے۔ زخمیوں میں 18سالہ عرفان ولد محمد شفیع، 2 سالہ بچی آئشہ دختر غلام نبی،8سالہ وسیم راجہ ولد نذیر احمد ،19سالہ یوسف ولد بہان نائیک، 40 سالہ ساجدہ بیگم زوجہ عبدالرشید، 35سالہ محمد اسماعیل ولد منگو، 60سالہ لال سنگھ ولد پھول سنگھ،37سالہ مکتا بیگم عرف شبنم زوجہ حبیب اللہ، 50سالہ عبدالرشید ولد سبحان شیخ، 45سالہ عبداللہ شیخ ولد رحمن شیخ،سکینہ دختر شبیر احمد زوجہ طارق حسین، 24 سالہ مدثر ولد محمد ایوب، کلدیپ سنگھ ولد موہندر سنگھ، 28سالہ اظہر حسین ولد محی الدین، طارق حسین ولد شبیر حسین، فرینہ زوجہ غلام نبی اور 45سالہ اشوک کمار ولد آسارام شامل ہیں۔