کیشوان سڑک حادثہ مہلوکین پرنم آنکھوںکیساتھ پیوند ِ لحد

کشتواڑ// کیشوان سڑک حادثہ مہلوکین کا نمازجنازہ پر نم آنکھوں کے ساتھ عوام کی بھاری موجودگی میں ادا کیاگیا۔ جمعہ کی صبح سے گیارہ بجے  پہلا نماز جنازہ ادا کیاگیا جبکہ اخری جنازہ جمعہ کے بعد انجام دیا گیا۔برفباری کے باوجود ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سبھی مہلوکین کی نمازجنازہ اداکی گئی۔ اس واقعہ میں دوسگے بھایئوں سمیت کل چھ افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔ دن بھرلوگوں نے تعزیت پرسی کیلئے علاقہ کا رخ کیا۔ضلع کے مختلف مقامات سے لوگوں کی کثیر تعداد نے فوت ہوئے افرادکے گھرجاکر لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے گھر کے کمرے میں بیٹھے بزرگ احمدو بٹ کا اپنے دولخت جگر رحمان و عطا محمد کے کھوجانے کے سبب روروکر براحال ہوا ہے وہیں  پندہ سالہ زبیر احمد کے والد کابھی برا حال ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ زبیر احمد ولد عطا محمد اسی گاڑی میں کشتواڑ سے سفر کررہے تھے اور ناگنی گڑھ میں عطا محمد اترگئے اور انھوں نے اپنے بیٹے زبیر احمد کو اسی گاڑی میں گھر جانے کو کہا لیکن چند کلومیٹر بعد ہی حادثہ پیش آیااور زبیر کی موت ہسپتال منتقلی کے دوران ضلع ہسپتال کے اندر ہوئی۔ مقامی لوگوں نے علاقہ میں مسلسل رونما ہورہے حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کیااور انتظامیہ سے ان حادثات کی وجہ جاننے کیلئے ٹیم تشکیل دینے کی اپیل کی ۔واضح رہے کہ اس علاقہ میں گزشتہ چار سال کے دوران لگ بھگ 53افرادکی موت واقع ہوئی جبکہ 32افراد زخمی ہوئے۔ سال 2019 میں بھی اس ناگنی گڑھ کے قریب منی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد کی موت جبکہ 16 زخمی ہوئے تھے۔ 
 

مودی، آزاد ، جتندرسنگھ ،لیفٹیننٹ گورنر ، سنیل شرما، کچلو ،سروڑی سوگوار

عاصف بٹ
کشتواڑ// علاقہ کیشوان میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظمیوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرکے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدری کیا جبکہ پی ایم او دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی ازاد نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔لیفٹیننٹ گورنر منہوج سنہا نے بھی دکھ کا اظہارکیا۔ سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے بھی سڑک حادثے پر تشویش کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاجبکہ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے جان بحق ہوئے افراد کے لواحقین کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی۔ادھرسجاد احمد کچلو، فردوس ٹاک، سعید اصغر ،سنیل شرما ، شیخ ناصر ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن پوجا ٹھاکر و دیگر لوگوں نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔ سماجی کارکنان و مذہبی تنظیموںنے بھی حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے لواحقین کو  ہرممکن مدد فراہم کرنے کو کہا۔