کیس کو فرقہ وارانہ رنگ دینا قابلِ مذمت:حکیم

سرینگر// پی ڈی ایف چیرمین اور ایم ایل ائے خانصاحب حکیم محمد یٰسین نے کچھواری ہلناگ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی تمام سیکولر اور امن پسند سماجی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متحد ہوکر ہندو نیشلسٹ گروپوں کی طرف سے تشدد ، خوف اور دھونس دباؤ کے بل بوتے پر ملک کو بھگوا رنگ میں رنگنے کی تمام کوششوں کاتوڑ کریں۔ انہوںنے ہندوستانی بار کونسل ٹیم کی رپورٹ کی بھی نکتہ چینی کی جس میں کٹھوعہ کے عصمت دری و قتل کیس میں رخنہ ڈالنے کے جُرم سے کٹھوعہ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کو بری الزمہ قرار دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شرمناک اور دلدوز واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے ریاست کی  اقلیتی فرقوں میں عدم تحفظ بڑھ جانے اور عدل و انصاف کے اداروں پر سے اعتماد و بھروسہ کو ٹھیس پہنچنے کا شدید احتمال ہے۔