کیرن میں دراندازی کی کوشش

کپوارہ//فوج نے کپوارہ میں حدمتارکہ پر کیرن سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کے دوران فوج اور جنگجوئوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میںایک جنگجو کومار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں ابھی جھڑپ جاری ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق جمعرات سہ پہر کوساڑھے چار بجے 3سے4جنگجوئوں پر مشتمل ایک گروپ نے دراندازی کی کوشش کی تاہم حدمتارکہ پرتعینات فورسزنے انہیں للکارا،جس کے بعد جنگجوئوں نے فوج پرزبردست فائرنگ کی ۔ذرائع کے مطابق فوج نے بھی جوابی کارروائی کی اوراس دوران ایک جنگجو جاں بحق ہواجبکہ علاقہ میں آخری اطلاعات ملنے تک جھڑپ جاری تھی۔ذرائع کے مطابق علاقہ میں فوج کی مزید کمک کو طلب کرکے ایک وسیع علاقہ کو محاصرے میں لیاگیا ہے اور تلاشی کارروائی شروع کی گئی جبکہ جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو سیل کیاگیاہے۔