کیرن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش

 کپوارہ+پلوامہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں  لائن آف کنٹرول کے نزدیک فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے در اندازی کی ایک کوشش ناکام بنادی، جس کے دوران 3جنگجو جاں بحق ہوئے۔تاہم جمعہ کی شام دیرگئے تک کسی بھی جنگجو کی لاش بر آ مدنہیں کی گئی تھی ۔ فوج کا کہنا ہے کہ کیرن سیکٹر میں حد متارکہ پر واقع جمہ گنڈ علاقہ میں 28 انفنٹری ڈویژن سے وابستہ16مدراس  رجمنٹ کے اہلکاروں نے رات کے قریب ساڑھے دس بجے گریٹ پوسٹ کینتھا والی کے نزدیک حد متارکہ پر 2 سے 3 جنگجو کو مشکوک حالت میں دیکھا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی گئی تاہم جنگجو ئوں نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے خود کار ہتھیاروں سے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مختصر جھڑپ ہوئی ۔ فوج کا کہنا ہے کہ رات کے دوران تلاشی کارروائی جمعہ کی صبح تک معطل کی گئی البتہ ایک جنگجو مارا گیا۔جمعہ علی الصبح فوج کی مزید کمک علاقہ میں روانہ کی گئی جبکہ جھڑپ کے مقام پر فوجی ہیلی کاپٹر بھی گشت کرتے دیکھے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی یہ وثوق سے نہیں کہا جا سکتا ہے کہ اس جھڑپ میں کوئی جنگجو مارا گیا یا نہیں کیونکہ علاقہ کافی دشوار گزار ہے اور علاقہ میں فوجی کارروائی جاری ہے ۔ادھرپلوامہ کے ٹہاب گائوں میں جمعہ صبح سویرے فورسز کیمپ پر رائفل گرنیڈ پھینکا گیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ٹہاب میں قائم فوج اور سی آر پی ایف کے مشترکہ کیمپ پر جنگجوئوں نے نا معلوم سمت سے رائفل گرنیڈ پھینکا جو کیمپ کے باہری دیوار کے ساتھ لگ کر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اکثر لوگ اس وقت نیند میں تھے تو زوردا دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے علاقہ لرز اٹھا۔ تاہم اس حملے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔