یواین آئی
دہرادون//تراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں بھگوان شنکر کے گیارہویں جیوترلنگ شری کیدارناتھ دھام کی طرف جانے والے پیدل راستے پر اتوار کی صبح مٹی کے تودے گرنے سے کئی عقیدت مند پہاڑوں سے گرے ملبے اور پتھروں کے نیچے دب گئے۔ تادم تحریر تین لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ایک زخمی کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ آفیسر، رودرپریاگ، نندن سنگھ راجوار نے آج بتایا کہ ڈیزاسٹر کنٹرول روم کو شام تقریباً 7.30 بجے اطلاع ملی کہ کیدارناتھ یاترا کے راستے چیرباسہ کے قریب پہاڑی سے ملبے اور بھاری پتھراور ملبہ آنے کچھ یاتریوں ملبے کے نیچے دبنے کی اطلاعات ہیں۔ اطلاع ملتے ہی یاترا کے راستے پر تعینات سیکورٹی اہلکار، جن میں این ڈی آر ایف، ڈی ڈی آر، وائی ایم ایف انتظامیہ کی ٹیمیں شامل ہیں، موقع پر موجود ہیں اور راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے ملبے سے تین افراد کو مردہ اور ایک کو زخمی حالت میں نکال لیا ہے۔راحت اور بچاؤ کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔
آئی ایم ڈی کا الرٹ جاری | اتراکھنڈ کیلئے 48گھنٹے بھاری
عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی طرف سے اگلے دو تین دنوں کیلئے جاری کردہ موسمی الرٹ کچھ ریاستوں میں گرمی سے راحت پہنچانے والا ہے، جب کہ کچھ ریاستوں میں مسائل بڑھ سکتے ہیں۔اگر دہلی-این سی آر کی بات کریں تو یہاں 22 جولائی سے دوبارہ بارش ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے تین دنوں کے لیے دہلی کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو مطلع ابر آلود رہے گا اور کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد 25 اور 26 جولائی کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے مغربی اتر پردیش میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ آج اور کل مشرقی یوپی کے کئی اضلاع میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے بجنور، امروہہ، مراد آباد، رام پور، بریلی، پیلی بھیت اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کا ایلرٹ جاری کیا ہے۔نمی سے دوچار ہریانہ کے لوگوں کو اگلے تین چار دنوں میں راحت مل سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کی شام سے موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے بعد اگلے تین سے چار روز تک بارش ہوسکتی ہے۔آئی ایم ڈی نے راجستھان کو لے کر ایلرٹ بھی جاری کیا ہے۔ کوٹہ، بنڈی اور بیکانیر سمیت کئی علاقوں میں ہفتہ کو اچھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ اضلاع میں موسلادھار سے بہت تیز بارش ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کوٹا، ادے پور، اجمیر، جے پور اور بھرت پور سرکلوں میں زیادہ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔پنجاب کے حوالے سے آئی ایم ڈی نے بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار اور پیر کو 12 اضلاع میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پوری ریاست کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اگلے دو دنوں تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔ کئی مقامات پر تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔