کیجریوال کی ضمانت پر سپریم کور ٹ کا فیصلہ آج

 یو این آئی

نئی دہلی//سپریم کورٹ دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے کیس میں تہاڑ جیل میں بند وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت کی مانگ اور اسی کیس میں ان کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کا فیصلہ جمعہ کو یعنی آج سنائے گا۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اجول بھویاں کی بنچ اپنا فیصلہ سنائے گی۔ عرضی گزار کیجریوال کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی اور سی بی آئی کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو کی گھنٹوں کی بحث کے بعد بنچ نے 5 ستمبر کو سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ کیجریوال نے سی بی آئی کے کیس میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے 5اگست کو ان کی درخواستوں کو مسترد کرنے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ملزم وزیر اعلی کیجریوال کو مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے 21 مارچ کو اور سی بی آئی نے 26جون 2024 کو دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا (جسے تنازعہ کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی گرفتاری کے وقت وہ ای ڈی کے کیس میں عدالتی حراست میں تھے۔عدالت عظمی نے 12جولائی کو کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کے کیس میں عبوری ضمانت دی تھی۔ اگر جون میں سی بی آئی نے مقدمہ درج نہ کیا ہوتا تو وہ تبھی جیل سے رہا ہو جاتے۔