عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے 15ستمبر کومستعفی ہونے کا اعلان کر دیا لیکن باضابطہ طور پر استعفیٰ وہ آج لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کے دوران دے سکتے ہیں۔ دراصل وزیر اعلی کٰیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس سلسلے میں ایل جی سکریٹریٹ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایل جی سکسینہ اور وزیر اعلی کے درمیان کل یعنی منگل کو دوپہر بعد 4.30بجے ملاقات ہوگی۔اس سے قبل عآپ کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ اروند کیجریوال وزیر اعلی عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ کیجریوال کی طرف سے حیرت انگیز طور پر استعفیٰ دئے جانے کے بعد اب نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر قیاس آرائیوں کا دور چل پڑا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیجریوال نے کل ہی یہ بھی واضح کر دیا کہ ان کی جگہ منیش سسودیا بھی دہلی کے وزیر اعلیٰ نہیں ہوں گے۔اس درمیان مرکز کے زیر انتظام خطہ دہلی کیلئے نیا وزیر اعلی منتخب کرنے سے متعلق عآپ کی کمیٹی برائے سیاسی امور کی میٹنگ سمیت کئی اہم میٹنگیں کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری طرف پارٹی سے منسلک لیڈروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عآپ کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پیر کی صبح نئے وزیر اعلی کے ممکنہ ناموں پر تبادلہ خیال کے لیے کیجریوال کی سرکاری رہائش پر گئے تھے۔ اس کے بعد پارٹی کی کمیٹی برائے سیاسی امور (پی اے سی)کی میٹنگ شام کو ہی وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش پر ہونے والی ہے۔