کہیں سڑکیں خستہ حال تو کہیں بجلی ٹرانسفامر خراب | پنزگام پلوامہ کی رابطہ سڑک کھنڈارت میں تبدیل

پلوامہ// ضلع پلوامہ کے پنزگام اور مضافاتی علاقوں کی رابطہ سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہونے کے نتیجے میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بتایا کہ بچی پورہ سے آستان پورہ سے ہوتے ہوئے ریلوے اسٹیشن تک رابطہ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کوگوناگوں مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اس سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن چکے ہیں جہاں ٹرانسپوٹروں یا نجی گاڑی مالکان کو نقصان سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک پر ٹریفک کا زیادہ دبائو ہونے کے باوجود مرمت نہیں کی گئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے کئی بار متعلقہ محکمہ کو سے مداخلت کی اپیل کی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث پنزگام ،ریشی پورہ،کل پورہ،چکورہ اورکھانڈے پورہ علاقوں کی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام بالخصوصضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
 
 

مامر کنگن کے لوگوں کو مشکلات

غلام نبی رینہ

 
کنگن//مامر کنگن میں ایک کلو میٹر تک سڑک خستہ حال ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبورومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔علاقے کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام میں عوام سے وعدے کئے گئے تھے کہ ان کے مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا مگر وہ وعدے ابھی تک پورے نہیں کئے گئے۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس ایک کلو میٹر سڑک کی مرمت کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔