کھیل کود جسمانی تندرستی کیلئے فائدہ مند: انصاری

جموں//امور نوجوان اور کھیل کود ، تکنیکی تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عمران رضا انصاری نے آج کہا کہ کھیل کود جسمانی صحت کیلئے بہت ضروری ہے اور کھیل کود میں حصہ لینے کی بدولت دماغی صحت بھی بہتر رہتی ہے ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار گورنمنٹ سائینس کالج جموں میں کھیلے گئے ٹی 20 فرینڈلی کرکٹ میچ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایم ایل اے الیون جس کی قیادت عثمان عبدالمجید کر رہے تھے اور میڈیا الیون کی قیادت میر عمران کر رہے تھے ۔ اس میچ کا اہتمام جموں اینڈ کشمیر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکمے نے کیا تھا اور میڈیا الیون نے 9 وکٹوں سے میچ جیت لیا ۔ وزیر موصوف اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی  مہمانِ ذی وقار تھے ۔ ایم ایل اے مبارک گُل اور ظفر چودھری ( میڈیا ) اس موقعہ پر خصوصی مہمان تھے ۔ بعد میں وزیر نے فاتح اور رنر اپ ٹیم میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔