کھیر بھوانی میلے میں مہاجر پنڈتوں کی شرکت

گاندربل //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے تولہ مولہ گاندربل کا دورہ کر کے ذاتی طور پر وہاں پنڈت برادری کے لوگوں کو مبارک باد دی۔آج پنڈت برادری کے لوگ کافی تعداد میںکھیر بھوانی میلے میں شرکت کرنے کے لئے آئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پرزائرین کے لئے انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے وہاں مختلف سرکاری ایجنسیوں کی طرف سے زائرین کی سہولیت کیلئے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ وادی کے لوگ اپنے پنڈت بھائیوں کی واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی کاسماجی و ثقافتی تانا بنا کشمیری پنڈتوں کے بغیر نامکمل ہے ۔انہوںنے اس اہم دِن کے موقعہ پر پنڈت برادری کو نیک خواہشات دیں اور وہاں کئے گئے انتظامات کے بارے میں ان سے جانکاری حاصل کی۔میلے کے دوران کافی تعداد میں کشمیر مسلمان اپنے پنڈت بھائیوں سے ملنے کے لئے آئے تھے ۔ اس دوران وہاں مسلمان ہمسائیوں نے ہندئووں زائرین کی سہولیت کے لئے کئی سٹال لگائے تھے۔وزیر اعلیٰ نے مقامی مسلمانو ں کے اس قدم کی کافی تعریف کی اور ہندئووں سے کہا کہ وہ ریاست میں امن ، روا داری ، بھائی چارے ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔